قلات (آن لائن) قلات شہر اور گردونواح میں خشک سالی کی صورتحال سنگین ہوگئی، بارشیں نہ ہونے کے باعث پانی کی سطح تیزی سے گرنے لگی جبکہ متعدد ٹیوب ویلز خشک ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق قلات میں بارشوں کی کمی کے باعث پانی کا بحران دن بدن شدت اختیار کر رہا ہے۔ شہر اور گردونواح میں کئی ٹیوب ویلز خشک ہوچکے ہیں، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ جب بارش ہوتی ہے تو ڈیمز نہ ہونے کے باعث بارش کا بیشتر پانی ضائع ہوجاتا ہے۔ ان کے مطابق اگر علاقے میں ڈیمز تعمیر کیے جائیں تو بارش کے پانی کو ذخیرہ کرکے زیرِ زمین پانی کی سطح برقرار رکھنے میں مدد مل سکتی ہے۔
قلات کے عوامی حلقوں نے حکومت سے علاقے میں فوری طور پر ڈیمز کی تعمیر کا مطالبہ کیا ہے تاکہ پانی کے بحران پر قابو پایا جاسکے اور مستقبل میں خشک سالی کے اثرات کم کیے جاسکیں۔
دوسری جانب شہریوں نے قلات کے جید علماء کرام، ائمہ مساجد اور دینی شخصیات سے مؤدبانہ اپیل کی ہے کہ شہر میں نمازِ استسقاء کا اہتمام کیا جائے اور اجتماعی طور پر اللہ تعالیٰ کے حضور توبہ و استغفار کرتے ہوئے بارانِ رحمت کے لیے خصوصی دعا کی جائے۔






