اسلام آباد (آن لائن) جشنِ آزادی کے سلسلے میں کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اور اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) انتظامیہ کے زیر اہتمام ڈی چوک اسلام آباد میں اسلام آباد سٹی پریڈ 2026 کا انعقاد کیا جائے گا۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز 14 اگست بروز جمعہ شام 5 بجے کے بعد ہوگا، جبکہ عوام کے لیے داخلہ مفت ہوگا۔
انتظامیہ کے مطابق میگا ایونٹ میں اسلام آباد پولیس کے مختلف سکواڈز کی خصوصی پریڈ، میوزیکل کنسرٹ، پپٹ شو، فلوٹس اور دیگر تفریحی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔ تقریب میں معروف گلوکارہ نمرہ مہرہ، ساحر علی بگا اور دیگر فنکار بھی اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے، جبکہ جشنِ آزادی کی مناسبت سے شاندار آتش بازی بھی کی جائے گی۔
فیملیز کے لیے علیحدہ انکلوژرز اور بیٹھنے کا انتظام کیا گیا ہے، جبکہ سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات بھی مکمل کر لیے گئے ہیں۔ تقریب میں تقریباً 6 ہزار نشستیں لگائی گئی ہیں، تاہم انتظامیہ کے مطابق 15 ہزار تک افراد کی شرکت کی صورت میں بھی گنجائش موجود ہوگی۔
چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف نے ڈی چوک کا دورہ کرکے تقریب کے انتظامات اور ریہرسل کا جائزہ لیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈی چوک میں پریڈ سے شہریوں کی پرانی یادیں وابستہ ہیں اور کئی سال بعد دوبارہ اس مقام پر پریڈ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جشنِ آزادی عوام کے لیے تفریح اور قومی جذبے کے اظہار کا بہترین موقع ہے، اس لیے فیملیز کے لیے بھی بہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔ تقریب کے دوران مختلف بینڈز اور لوک فنکار بھی اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے جبکہ تاریخی آتش بازی کا اہتمام کیا جائے گا۔
سہیل اشرف کے مطابق تقریب کے دوران میڈیکل ٹیمیں اور میڈیکل کیمپس بھی موجود ہوں گے، جبکہ خصوصی افراد کے لیے ضرورت پڑنے پر وہیل چیئرز فراہم کی جائیں گی۔
سی ڈی اے اور آئی سی ٹی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ 14 اگست کو اسلام آباد سٹی پریڈ 2026 میں بھرپور جوش و خروش کے ساتھ شرکت کریں اور جشنِ آزادی کی خوشیوں میں شریک ہوں۔






