صدر آصف علی زرداری نے ججز کی تنخواہوں میں اضافے کی سمری منظور کر لی

اسلام آباد (آن لائن) صدر مملکت آصف علی زرداری نے وفاقی حکومت کی سفارش پر اعلیٰ عدلیہ کے ججز کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کی سمری منظور کرلی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق سپریم کورٹ کے ججز کی تنخواہیں اور مراعات وفاقی آئینی عدالت کے ججز کے برابر ہوں گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق نئی تنخواہوں اور الاؤنسز کا اطلاق 10 دسمبر 2025 سے ہوگا جبکہ گزشتہ مدت کے بقایاجات بھی ججز کو ادا کیے جائیں گے۔ منظوری کے بعد اس کا نام ’’سپریم کورٹ ججز کی تنخواہ حکم نامہ 2026‘‘ رکھا گیا ہے۔

نئے پیکیج کے تحت چیف جسٹس پاکستان کی ماہانہ بنیادی تنخواہ 15 لاکھ 50 ہزار روپے جبکہ سپریم کورٹ کے دیگر ججز کی بنیادی تنخواہ 15 لاکھ روپے ماہانہ مقرر کی گئی ہے۔ اس سے قبل ججز کی بنیادی تنخواہ 11 لاکھ روپے تھی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق جوڈیشل الاؤنس بھی 11 لاکھ 61 ہزار 163 روپے سے بڑھا کر 15 لاکھ روپے ماہانہ کردیا گیا ہے، جبکہ سپریم کورٹ کے ججز کے لیے 1 لاکھ 50 ہزار روپے ماہانہ میڈیکل الاؤنس بھی مقرر کیا گیا ہے۔

پنشن پیکیج میں بھی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ پنشن کی عمر کی حد 70 سال سے بڑھا کر 75 سال جبکہ 85 سال کی حد کو 90 سال کردیا گیا ہے۔

عدالتی ذرائع کے مطابق تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کا مقصد ججز کو مالی تحفظ فراہم کرنا اور انہیں دیگر آئینی اداروں کے ججز کے برابر مراعات دینا ہے۔