یومِ آزادی پر ایک ہی دن میں 14 لاکھ پودے لگانے کا تاریخی ہدف

پشاور (آن لائن) وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا شفیع جان نے کہا ہے کہ یومِ آزادی کے موقع پر صوبے میں ایک ہی روز 14 لاکھ پودے لگانے کا تاریخی ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ عمران خان کی رہائی اور آئین و قانون کی بالادستی کے لیے پرامن سیاسی جدوجہد جاری رہے گی۔

یومِ آزادی کے پیغام میں شفیع جان نے تحریک آزادی کے رہنماؤں اور شہدائے پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قیام پاکستان بزرگوں کی انتھک جدوجہد، لازوال قربانیوں اور قائداعظم محمد علی جناح کی مدبرانہ قیادت کا نتیجہ ہے۔ پاکستان کو مضبوط، مستحکم، خوشحال اور خودمختار بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی ہدایت پر خیبرپختونخوا حکومت یومِ آزادی کے روز 14 لاکھ پودے لگانے کا ہدف حاصل کرے گی۔ شجرکاری مہم کے تحت سپین خاک کے مقام پر وسیع رقبے پر پودے لگائے جائیں گے، جبکہ شجرکاری کی نگرانی، مقامات اور پودوں کی تعداد کے لیے احساس شجرکاری ویب پورٹل بھی لانچ کیا گیا ہے۔

شفیع جان کے مطابق رواں سال 23 مارچ کو بھی خیبرپختونخوا میں ایک ہی روز 10 لاکھ پودے لگائے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ شجرکاری مہم آنے والی نسلوں کے لیے سرسبز، محفوظ اور خوشحال پاکستان کی بنیاد مضبوط کرنے کی کوشش ہے۔

ایک دوسرے بیان میں وزیر اطلاعات نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو عمران خان سے ملاقات سے روکنے پر پنجاب حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وزیراعلیٰ کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کرنا عدالتی احکامات، آئین، قانون اور جمہوری اقدار کی خلاف ورزی ہے۔

شفیع جان نے کہا کہ عمران خان سے سیاسی قیادت، اہلخانہ، وکلا اور ذاتی معالجین کی ملاقاتوں پر پابندی قابلِ مذمت ہے۔ ان کے مطابق عمران خان کی صحت سے متعلق وفاقی اور پنجاب حکومتوں کی مبینہ غفلت ناقابل برداشت ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی اور پنجاب حکومتوں کے اقدامات کے خلاف خیبرپختونخوا سمیت ملک بھر میں احتجاج کیا جائے گا۔ شفیع جان نے اعلان کیا کہ 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ میں لاکھوں نوجوان شریک ہوں گے اور عمران خان کی رہائی، آئین و قانون کی بالادستی کے لیے پرامن سیاسی جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔