بھکاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن، احکامات جاری

راولپنڈی (آن لائن) راولپنڈی میں پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف بڑے آپریشن کا فیصلہ کرلیا گیا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر ملیحہ سحر نے متعلقہ اداروں کو کارروائیاں مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کردی۔

اس حوالے سے ہونے والے اجلاس میں انسدادِ گداگری مہم کی پیش رفت، جاری کارروائیوں اور آئندہ کے لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا۔

ملیحہ سحر نے اہم شاہراہوں، چوکوں، سگنلز، مارکیٹوں، تجارتی مراکز اور دیگر عوامی مقامات پر گداگری کی روک تھام کے لیے خصوصی اقدامات کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ پیشہ ور گداگری ایک سماجی مسئلے کے ساتھ ساتھ شہریوں کے لیے بھی مشکلات کا باعث بنتی ہے، اس لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے کے ساتھ کارروائیاں یقینی بنائیں۔

اے ڈی سی ہیڈکوارٹر نے بچوں کو گداگری پر مجبور کرنے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرنے کی ہدایت کی، جبکہ حقیقی ضرورت مند افراد کو ہمدردانہ رویے کے ساتھ حکومتی فلاحی پروگراموں سے منسلک کرنے کا بھی حکم دیا۔

انہوں نے انسدادِ گداگری مہم کی روزانہ بنیاد پر نگرانی اور کارروائیوں کی رپورٹ مرتب کرنے کی ہدایت بھی کی۔