بالی ووڈ اداکارہ سوارا بھاسکر ڈینگی وائرس کا شکار ہونے کے بعد اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔ اداکارہ نے اپنے مداحوں کو اپنی طبیعت سے آگاہ کرتے ہوئے اسپتال کے بستر سے تصویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے۔
سوارا بھاسکر نے انسٹاگرام اسٹوری میں بتایا کہ ان کی طبیعت اچانک خراب ہوئی اور انہیں اسپتال منتقل کرنا پڑا۔ اداکارہ کے مطابق صورتحال تیزی سے بگڑی، ڈینگی کی تشخیص ہوئی اور انہیں اسپتال میں داخل ہونا پڑا۔
فلم ’رانجھنا‘ سے شہرت حاصل کرنے والی سوارا بھاسکر نے فی الحال بیماری کی علامات، موجودہ طبیعت یا اسپتال میں قیام کی متوقع مدت کے حوالے سے مزید تفصیلات شیئر نہیں کیں۔
سوارا بھاسکر کے اسپتال داخل ہونے کی خبر ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ٹی وی ڈراما ’بالیکا ودھو‘ کی اداکارہ اویکا گور بھی ڈینگی کے باعث اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔ اویکا گور کے شوہر ملند چندوانی کے مطابق ڈینگی کی تشخیص سے قبل اداکارہ پانچ روز تک شدید بخار میں مبتلا رہی تھیں۔
سوارا بھاسکر کو آخری بار ٹی وی ریئلٹی شو ’پتی پتنی اور پنگا‘ میں دیکھا گیا تھا، جہاں وہ اپنے شوہر فہد احمد کے ہمراہ شریک ہوئی تھیں۔ اداکارہ نے تاحال اپنے اگلے فلمی یا ٹی وی پروجیکٹ کا اعلان نہیں کیا۔






