ایران کے پاس وافر مقدار میں اسلحہ موجود ہے، پاسدارانِ انقلاب

تہران (آن لائن) پاسداران انقلاب کے بریگیڈیئر جنرل محمد رضا نقدی نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ وہ ایران کے خلاف جوہری ہتھیار استعمال کرنے کی کوشش نہ کرے، بصورت دیگر یہ اقدام امریکا کے لیے انتہائی سنگین نتائج کا باعث بن سکتا ہے۔

امریکی ٹی وی پی بی ایس کو انٹرویو دیتے ہوئے محمد رضا نقدی نے کہا کہ اگر امریکا نے جوہری ہتھیار استعمال کرنے کی غلطی کی تو دنیا بھر میں موجود امریکی فوجی اڈے قبضے میں لیے جا سکتے ہیں۔ ان کے بقول جوہری ہتھیاروں کا استعمال امریکا کے لیے ایک بہت بڑی غلطی ثابت ہوگا۔

ایرانی جنرل نے کہا کہ موجودہ حالات دوسری عالمی جنگ کے دور جیسے نہیں، دنیا کے عوام بیدار ہو چکے ہیں اور کوئی بھی ملک جوہری ہتھیاروں کے استعمال کی اجازت نہیں دے گا۔ اگر کوئی ملک ایسا کرتا ہے تو اگلا نشانہ وہ خود بن سکتا ہے۔

محمد رضا نقدی نے دعویٰ کیا کہ امریکی فوجی اڈوں پر قبضہ ایرانی فوج خود کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایران کو جوہری بم کی کوئی ضرورت نہیں کیونکہ امریکی فوج ہماری توقع سے کہیں زیادہ کمزور ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جنگ اگر کئی سال تک بھی جاری رہی تو ایران کے پاس وافر تعداد میں میزائل موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر میزائل ختم بھی ہوگئے تو ایران امریکا کے لیے مزید خطرناک ہو جائے گا، کیونکہ امریکا کے دنیا بھر میں وسیع معاشی مفادات ہیں جنہیں نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔