ناروے کے وزیرِ خارجہ ایسپن بارتھ ایڈے کی جی ایچ کیو آمد، آرمی چیف سے اہم ملاقات

راولپنڈی (آن لائن) پاکستان کے دورے پر موجود ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایڈے کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا اور آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور پاکستان اور ناروے کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عالمی امن اور علاقائی استحکام کے حوالے سے پاکستان کے نقطۂ نظر کو اجاگر کیا اور مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعاون اور مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔

ناروے کے وزیر خارجہ نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کی مسلح افواج کے پیشہ ورانہ کردار کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں فریقین نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور دفاع و سلامتی کے شعبوں میں باہمی روابط کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔