کشمیر سے متعلق احتجاج پر مقدمہ ، سابق سینیٹر مشتاق احمد کے جسمانی ریمانڈ سے متعلق عدالت سے اہم خبر

انسدادِ دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے کشمیر سے متعلق احتجاج کے مقدمے میں سابق سینیٹر مشتاق احمد اور شریک ملزم دانیال کو مزید جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

ڈیوٹی جج عبدالغفور کی عدالت میں دونوں ملزمان کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد پیش کیا گیا۔ سماعت کے دوران پراسیکیوشن نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان سے گاڑی اور اسلحہ برآمد کرنا باقی ہے، اس لیے مزید جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔

پراسیکیوشن نے عدالت سے 30 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، تاہم عدالت نے درخواست جزوی طور پر منظور کرتے ہوئے سابق سینیٹر مشتاق احمد اور شریک ملزم کو مزید چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

پولیس کے مطابق اس مقدمے کا اندراج تھانہ شالیمار میں کیا گیا ہے، جبکہ کیس کی مزید تفتیش جاری ہے۔