وفاقی حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی کو دوبارہ مذاکرات کی دعوت پر بیرسٹر گوہر کا ردعمل سامنے آ گیا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے حکومت کی جانب سے مذاکرات کی دعوت پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مذاکرات کے لیے حکومت کو سنجیدہ اور مخلصانہ رویہ اختیار کرنا ہوگا۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو غیر ضروری بیانات اور فوٹو سیشن میں دلچسپی نہیں، مذاکرات کے لیے عملی اقدامات اور سنجیدہ کوششیں ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک یہ واضح نہیں کہ مذاکرات کس سے، کن معاملات پر اور کب ہونے ہیں، صرف زبانی بیانات سے وقت ضائع ہوتا ہے۔

یہ ردعمل پی ٹی آئی رہنما عامر ڈوگر کی اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے ملاقات کے بعد سامنے آیا، جس میں وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری بھی شریک تھے۔

ملاقات کے دوران حکومتی نمائندوں نے پی ٹی آئی کو دوبارہ مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہا تھا کہ پارلیمنٹ ہاؤس میں پی ٹی آئی کی تجویز کردہ جگہ پر بات چیت کی جا سکتی ہے۔

وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا کہ سیاسی مسائل کے حل کے لیے مذاکرات ہی واحد راستہ ہیں اور اب فیصلہ پی ٹی آئی کو کرنا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پی ٹی آئی حکومت کی مذاکراتی پیشکش کو سنجیدگی سے لے گی۔