وفاقی حکومت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو ایک بار پھر مذاکرات کی دعوت دے دی ہے۔
پی ٹی آئی کے چیف وہپ عامر ڈوگر نے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے ملاقات کی، جس میں وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری بھی شریک تھے۔
ملاقات کے دوران حکومتی رہنماؤں نے پی ٹی آئی کو مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ ہاؤس میں پی ٹی آئی کی تجویز کردہ جگہ پر بات چیت کی جا سکتی ہے۔
وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا کہ سیاسی مسائل کے حل کے لیے مذاکرات ہی واحد راستہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے حوالے سے اب فیصلہ پی ٹی آئی کو کرنا ہے، جبکہ وزیراعظم کی جانب سے اپوزیشن لیڈر کو مذاکرات کی دعوت کا تاحال جواب موصول نہیں ہوا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ پی ٹی آئی حکومت کی مذاکراتی پیشکش کو سنجیدگی سے لے گی۔






