پاکستان اور امریکا کا کالعدم تنظیموں اور دہشتگرد نیٹ ورکس کیخلاف تعاون بڑھانے پر اتفاق

پاکستان اور امریکا نے دہشتگردی کے خلاف تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔

واشنگٹن میں پاکستان اور امریکا کے درمیان انسداد دہشتگردی مذاکرات کا چوتھا دور ہوا، جس میں دونوں ممالک نے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ اقدامات بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق مذاکرات میں داعش خراسان، القاعدہ، ٹی ٹی پی اور بی ایل اے کے خلاف مشترکہ کوششوں کو مزید مؤثر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں ممالک نے سرحدی سکیورٹی کو مضبوط بنانے، دہشتگرد سہولت کار نیٹ ورکس کے خاتمے اور علاقائی امن و استحکام کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

مذاکرات کے دوران پاکستان اور امریکا کے درمیان سکیورٹی اور انٹیلی جنس امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق پاکستانی وفد کی قیادت سفیر نبیل منیر جبکہ امریکی وفد کی سربراہی گریگوری لوگرفو نے کی۔