واٹس ایپ صارفین پلیٹ فارم سے پُر اسرار طور پر غائب ہونے لگے، جانئے تفصیل

واٹس ایپ کے متعدد صارفین نے شکایت کی ہے کہ ان کے اکاؤنٹس بغیر کسی واضح وجہ کے اچانک معطل کیے جا رہے ہیں۔

گزشتہ ایک روز کے دوران کئی صارفین نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ ان کے واٹس ایپ اکاؤنٹس بلاک ہو گئے ہیں اور انہیں ایک پیغام موصول ہوا جس میں بتایا گیا کہ اکاؤنٹ کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

واٹس ایپ کے مطابق معطل کیے گئے اکاؤنٹس کی سرگرمیوں اور ڈیوائس کی معلومات کا جائزہ لیا جاتا ہے تاکہ یہ تصدیق کی جا سکے کہ صارف نے پلیٹ فارم کی شرائطِ استعمال کی خلاف ورزی تو نہیں کی۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ عام طور پر 24 گھنٹوں کے اندر جائزے کا نتیجہ صارف کو بتا دیا جاتا ہے۔

واٹس ایپ کی مالک کمپنی میٹا کے مطابق بعض اوقات اکاؤنٹس غلطی سے بھی معطل ہو سکتے ہیں، تاہم اسپیم، فراڈ اور نقصان دہ سرگرمیوں سے بچاؤ کے لیے ایسے اقدامات ضروری ہیں۔

واٹس ایپ کی پالیسی کے تحت ایسے اکاؤنٹس کے خلاف کارروائی کی جا سکتی ہے جو اسپیم، دھوکا دہی یا صارفین کی سیکیورٹی کے لیے خطرہ بننے والی سرگرمیوں میں ملوث ہوں۔ اگر کسی صارف کا اکاؤنٹ غلطی سے معطل ہوا ہو تو وہ نظرثانی کی درخواست دے سکتا ہے، جس کے بعد کمپنی دوبارہ جائزہ لیتی ہے۔