انا للہ و اناالیہ راجعون ، دستی بم حملے

بلوچستان کے ضلع چمن اور خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں الگ الگ دستی بم حملوں کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق لکی مروت کے علاقے بہرام خیل میں ایک گھر کے اندر دستی بم پھٹنے سے رشید نامی شخص، اس کی بھابھی اور کمسن بھتیجا جاں بحق ہو گئے، جبکہ 3 بچے زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ تاحال درج نہیں کیا گیا جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔

دوسری جانب بلوچستان کے ضلع چمن میں قومی شاہراہ کی تعمیر پر مامور مزدوروں پر نامعلوم افراد نے دستی بم حملہ کیا۔ پولیس کے مطابق حملے کے وقت مزدور سو رہے تھے کہ ان پر دستی بم پھینکا گیا، جس کے نتیجے میں ایک مزدور جاں بحق جبکہ 4 دیگر زخمی ہو گئے۔

زخمی مزدوروں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد مزید علاج کے لیے کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ حملہ آوروں کی تلاش اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔