ہالی ووڈ کی معروف فلم **”اسپائیڈر مین: نو وے ہوم”** میں نیڈ کی دادی “لولا” کا یادگار کردار ادا کرنے والی سینئر اداکارہ میری ریویرا 83 برس کی عمر میں انتقال کر گئی ہیں۔
تعزیتی بیان کے مطابق میری ریویرا 2 جون 1943 کو فلپائن کے شہر ایلوئیلو میں پیدا ہوئیں، جبکہ ان کا انتقال 15 اپریل کو امریکی ریاست ہوائی کے شہر ہونولولو میں ہوا۔
خاندانی ذرائع کے مطابق انہیں فالج کا دورہ پڑا تھا، جس کے بعد انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکیں۔
اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ میری ریویرا کو **”اسپائیڈر مین: نو وے ہوم”** میں کام کرنے پر بے حد فخر تھا اور وہ اسے اپنی زندگی کی اہم ترین کامیابیوں میں شمار کرتی تھیں۔
اگرچہ فلم میں ان کا کردار مختصر تھا، لیکن شائقین نے اسے بے حد پسند کیا۔ انہوں نے اداکار جیکب بیٹالون کے کردار نیڈ کی دادی “لولا” کا کردار نبھایا، جبکہ ان کا ایک یادگار منظر اینڈریو گارفیلڈ کے پیٹر پارکر، نیڈ اور ایم جے کے ساتھ فلمایا گیا تھا، جس میں ان کی مزاحیہ اداکاری نے منظر کو خاص بنا دیا۔
میری ریویرا کے انتقال پر مداحوں اور ساتھی فنکاروں نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ ان کے پسماندگان میں شوہر الیگزینڈر ریویرا اور چار بچے، کارمیلا، پال، ایڈون اور اینجلا شامل ہیں۔
مداح انہیں ان کی خوش مزاج شخصیت اور مختصر مگر یادگار اداکاری کے باعث طویل عرصے تک یاد رکھیں گے۔






