آزاد کشمیر انتخابات ، پونچھ ڈویژن میں پولنگ ملتوی ہوئے یا نہیں ؟ الیکشن کمیشن نے بتا دیا

الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر نے 10 اگست کو ہونے والے انتخابات کے تیسرے مرحلے کے دوران پونچھ اور سدھنوتی کے بعض حلقوں میں پولنگ ملتوی ہونے سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور حقائق کے منافی قرار دیا ہے۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق پونچھ ڈویژن کے تمام حلقوں میں پولنگ 10 اگست کو جاری کردہ انتخابی شیڈول کے مطابق ہی ہوگی اور اس میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی گئی۔

ترجمان نے ووٹرز سے اپیل کی کہ وہ افواہوں پر توجہ نہ دیں اور مقررہ تاریخ پر اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر انتخابی شیڈول میں کسی بھی قسم کی تبدیلی ہوئی تو الیکشن کمیشن بروقت عوام کو آگاہ کرے گا۔

واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر بعض صارفین اور چند صحافیوں کی جانب سے پونچھ اور سدھنوتی کے کچھ حلقوں میں انتخابات ملتوی ہونے کی اطلاعات شیئر کی گئی تھیں۔ ان علاقوں میں کالعدم ایکشن کمیٹی کے احتجاج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تصادم کے باعث پہلے ہی غیر یقینی صورتحال پائی جا رہی تھی، جس کے باعث افواہوں نے مزید تشویش پیدا کی۔

آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات کے پہلے دو مراحل کامیابی سے مکمل ہو چکے ہیں، جن میں مسلم لیگ (ن) نے واضح برتری حاصل کی، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی نے میرپور ڈویژن کے چار حلقوں کے نتائج پر دھاندلی کے الزامات عائد کرتے ہوئے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔