کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے باکسر قدرت اللہ اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو سے قومی ٹیم کے ہمراہ وطن واپس نہ پہنچ سکے، جبکہ پاکستان باکسنگ فیڈریشن نے ان کے لاپتا ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق قدرت اللہ وطن واپسی کے لیے روانگی سے تقریباً چھ گھنٹے قبل اچانک لاپتا ہوگئے۔ قومی ٹیم کو صبح 9 بجے ہوٹل کی لابی میں جمع ہونا تھا، تاہم جب انہیں بلانے کے لیے ان کے کمرے میں جایا گیا تو وہ وہاں موجود نہیں تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قدرت اللہ رات تقریباً 2 بجے تک اپنے کمرے میں موجود تھے، لیکن صبح ان کا کوئی سراغ نہ مل سکا۔ ان کا پاسپورٹ اور واپسی کا ٹکٹ ٹیم منیجر کے پاس موجود ہے، جس کے باعث واقعے نے مزید سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے ذرائع نے بھی ان کے لاپتا ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی 2022 میں انگلینڈ میں ہونے والے کامن ویلتھ گیمز کے دوران پاکستان کے دو باکسر قومی ٹیم سے الگ ہو کر لاپتا ہوگئے تھے۔






