بس بہت ہو گیا ، ٹرمپ کی جانب سے تیل کمپنیوں کو تنبیہہ جاری

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی تیل کمپنیوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ غیر معمولی منافع کمانے کے بجائے امریکی عوام کو سستا تیل فراہم کریں۔

ایران سے متعلق کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے تناظر میں صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم **ٹروتھ سوشل** پر تیل کمپنیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

انہوں نے کہا کہ تیل کمپنیوں نے موجودہ عالمی صورتحال سے بھرپور مالی فائدہ اٹھایا ہے، اب وقت آ گیا ہے کہ وہ امریکی صارفین کو ریلیف فراہم کرتے ہوئے ایندھن کی قیمتوں میں کمی کریں۔

صدر ٹرمپ نے امریکی آئل کمپنی شیوران کے چیف ایگزیکٹو مائیک وارتھ کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایک ٹی وی انٹرویو میں ٹرمپ انتظامیہ کی توانائی پالیسیوں اور تیل کی منڈی میں استحکام کے لیے کیے گئے اقدامات کا ذکر نہیں کیا۔

ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ان کی انتظامیہ کی پالیسیوں کے باعث شیوران دوبارہ وینزویلا میں کاروبار کرنے کے قابل ہوئی اور پہلے کے مقابلے میں زیادہ منافع کما رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دیگر امریکی تیل کمپنیوں کو بھی اس سے فائدہ پہنچا ہے، اس لیے انہیں چاہیے کہ وہ اپنی قیمتوں میں کمی کر کے امریکی عوام کو اس کا براہِ راست فائدہ پہنچائیں۔