نئی دہلی (آئی این پی): بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے نوجوانوں کی قیادت میں ہونے والے حالیہ احتجاجی مظاہروں کے دوران انہیں گالیاں دینے والے مظاہرین کو معاف کرنے کا اعلان کر دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 75 سالہ نریندر مودی نے انسٹاگرام پر جاری ویڈیو بیان میں کہا کہ ملک اور دنیا نے دیکھا کہ جنتر منتر پر کیا ہوا۔ ان کے بقول کچھ شرارتی نوجوانوں نے انتہائی نازیبا زبان استعمال کی اور ان کے خلاف ایسے الفاظ کہے جو کسی مہذب معاشرے میں قابل قبول نہیں، حتیٰ کہ ان کی مرحوم والدہ کے بارے میں بھی نامناسب زبان استعمال کی گئی۔
مودی نے کہا کہ وہ ان نوجوانوں کو معاف کرتے ہیں اور ان کے خلاف کوئی ذاتی رنجش نہیں رکھتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانی میں ہونے والی غلطیوں کا جواب قانونی کارروائی نہیں بلکہ رہنمائی ہونی چاہیے۔ ان کا اشارہ ان مظاہرین کے خلاف درج کیے گئے پولیس مقدمات کی جانب تھا، جن کے بارے میں انہوں نے نرم رویہ اختیار کرنے کی بات کی۔






