لاہور (آئی این پی): لاہور میں دودھ، دہی اور ایل پی جی کے بعد چکن، مٹن، بیف اور انڈے بھی سرکاری نرخوں سے زائد قیمت پر فروخت ہونے لگے، جبکہ شہریوں نے مہنگائی اور ناقص نگرانی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
سرکاری نرخ نامے کے مطابق چکن کی قیمت 473 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم مارکیٹ میں یہ 495 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔ اسی طرح مٹن کی سرکاری قیمت 1600 روپے فی کلو ہونے کے باوجود 2800 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے، جبکہ بیف 800 روپے کی سرکاری قیمت کے مقابلے میں 1200 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔
فارمی انڈوں کی سرکاری قیمت 268 روپے فی درجن مقرر ہے، لیکن مختلف علاقوں میں یہ 278 روپے فی درجن تک فروخت کیے جا رہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ مرغی کا گوشت بھی عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوتا جا رہا ہے اور ضلعی انتظامیہ سرکاری نرخ نامے پر عملدرآمد کرانے میں ناکام دکھائی دیتی ہے۔
دوسری جانب دودھ اور دہی کی قیمتوں میں بھی سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی جاری ہے۔ دودھ کی سرکاری قیمت 170 روپے فی لیٹر مقرر ہے، مگر اوپن مارکیٹ میں یہ 230 روپے فی لیٹر تک فروخت ہو رہا ہے، جبکہ دہی 250 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اشیائے خور و نوش کی سرکاری قیمتوں پر عملدرآمد یقینی بنائے، کیونکہ عوام پہلے ہی مہنگائی کے شدید بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں۔






