ڈی ریگولیشن پلان منظور، صارفین کے لیے اچھی خبر آنیوالی ہے؟

حکومت نے پیٹرولیم شعبے کی مرحلہ وار ڈی ریگولیشن کے تحت ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کی قیمت میں نمایاں کمی لانے کی تیاری شروع کر دی ہے۔

ذرائع کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کے بین الاقوامی کریک اسپریڈ کو موجودہ تقریباً 70 ڈالر فی بیرل سے کم کرکے 35 سے 40 ڈالر فی بیرل کرنے کی تجویز زیر غور ہے، جس سے مقامی مارکیٹ میں ڈیزل سستا ہونے کی توقع ہے، جبکہ مقامی ریفائنریوں کی مالی استعداد بھی برقرار رہے گی۔

منصوبے کے تحت پہلے مرحلے میں پیٹرول کی قیمتوں کو بتدریج حکومتی کنٹرول سے آزاد کیا جائے گا، جبکہ بعد ازاں دیگر پیٹرولیم مصنوعات کو بھی ڈی ریگولیشن کے نظام میں شامل کیا جائے گا۔

آئی ایف ای ایم اصلاحات کے تحت پیٹرولیم ڈپو پوائنٹس کی تعداد 22 سے کم کرکے 11 کرنے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔

حکام کے مطابق پیٹرولیم پرائسنگ کمیٹی آئندہ دو ہفتوں میں وزیراعظم شہباز شریف کو مرحلہ وار ڈی ریگولیشن سے متعلق سفارشات پیش کرے گی، جبکہ توقع ہے کہ آئندہ ہفتے تک ان تجاویز کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔