محسن نقوی کا بیان ہائبرڈ نظام کی ناکامی کا اعتراف ہے، جے یو آئی ترجمان

اسلام آباد (آن لائن) جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے ترجمان اسلم غوری نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا بیان ان کا اعترافِ جرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہائبرڈ نظام نے ملک کی جڑیں کھوکھلی کر دی ہیں اور اس نظام کو لانے والے ہی موجودہ ملکی صورتحال کے ذمہ دار ہیں۔

اسلم غوری نے وفاقی وزیر محسن نقوی کے بیان کو ہائبرڈ نظام کی ناکامی کا اعتراف قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس نظام کے خالق خود اس کی ناکامی کا اقرار کر رہے ہیں۔

ترجمان جے یو آئی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان گزشتہ دو سال سے مسلسل اس نظام کی ناکامی کی جانب توجہ دلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سسٹم کی خرابی اور کمزوری سے ہر شخص آگاہ ہے، جبکہ وفاقی وزیر کی جانب سے اپنی ہی حکومت کے خلاف چارج شیٹ پیش کرنا لمحۂ فکریہ ہے۔

اسلم غوری نے کہا کہ اب یہ طے کرنا ہوگا کہ اس سسٹم کے خالق کون ہیں اور اس کی خرابیوں کے ذمہ دار کون ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہائبرڈ نظام کے خالق اور اس کا حصہ بننے والے دونوں ہی ملک کو اس مقام تک پہنچانے کے ذمہ دار ہیں۔

ترجمان جے یو آئی کے مطابق ہائبرڈ نظام نے ملک کی جڑیں کھوکھلی کر دی ہیں اور محسن نقوی کا بیان اعترافِ جرم کے زمرے میں آتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نظامِ عدل کا کنٹرول، شعائرِ اسلام کی توہین، اسمبلیوں کی خرید و فروخت، دھاندلی زدہ انتخابات اور آئینِ پاکستان میں غیر آئینی ترامیم اس نظام کے سیاہ کارنامے ہیں۔

اسلم غوری نے کہا کہ آئین سے ماورا ہر قدم ملک اور نظام کو تباہی کی طرف دھکیل رہا ہے۔ جے یو آئی کے خلاف پروپیگنڈا دراصل آئین کے تحفظ کی سزا ہے، جبکہ قیادت کے خلاف جھوٹ پر مبنی پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔