سرکاری صحت مراکز کے لیے ڈاکٹرز کی بھرتیوں کا نیا طریقہ کار منظور

لاہور (آن لائن) پنجاب حکومت نے نئے قائم ہونے والے سرکاری صحت مراکز میں ڈاکٹرز، اسپیشلسٹس، تدریسی و نان ٹیچنگ عملے اور دیگر طبی ماہرین کی بھرتیوں کے لیے نیا سلیکشن میکنزم منظور کرتے ہوئے خصوصی سلیکشن کمیٹیوں کو تقرریوں کے اختیارات دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق بی ایس 17 اور اس سے اوپر کی تدریسی، نان ٹیچنگ، ہیلتھ اسٹیبلشمنٹ اور دیگر متعلقہ طبی آسامیوں پر دو سالہ کنٹریکٹ بنیادوں پر میرٹ کے مطابق بھرتیاں کی جائیں گی تاکہ نئے صحت مراکز کو فوری طور پر فعال بنایا جا سکے۔

منظور شدہ طریقہ کار کے تحت ہر سلیکشن کمیٹی کی سربراہی متعلقہ ادارے کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر، پرنسپل یا ادارہ سربراہ بطور کنوینر کریں گے۔ کمیٹی میں متعلقہ ڈویژن کے کمشنر یا ان کے نامزد نمائندے، متعلقہ شعبے کے پروفیسر، محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن، محکمہ ریگولیشنز ونگ اور سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ (ایس اینڈ جی اے ڈی) کے سینئر نمائندے بھی شامل ہوں گے۔

دستاویزات کے مطابق محکمہ ریگولیشنز ونگ نے اس طریقہ کار کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے، جبکہ محکمہ خزانہ نے واضح کیا ہے کہ ان بھرتیوں کے لیے درکار مالی وسائل متعلقہ محکمے کے سالانہ بجٹ سے پورے کیے جائیں گے اور اس مقصد کے لیے حکومت پر کوئی اضافی مالی بوجھ نہیں ڈالا جائے گا۔

حکومت کا مؤقف ہے کہ نئے صحت مراکز میں شفاف، تیز رفتار اور میرٹ پر بھرتیوں کے ذریعے ماہر طبی عملہ تعینات کیا جائے گا، جس سے عوام کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔