اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، جنہیں ہر قسم کی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ بیرون ملک پاکستانیوں کی سہولت کے لیے پاور آف اٹارنی، جائیداد کی خرید و فروخت کے نظام اور دستاویزات کے تصدیقی عمل کو آسان بنانے کے لیے کیو آر کوڈ متعارف کروا دیا گیا ہے۔
وزیراعظم کو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے سفارتخانوں میں سہولیات میں اضافے، دستاویزات کے تصدیقی عمل کی ڈیجیٹلائزیشن، شکایات کے نظام کو مزید آسان بنانے اور بیرون ملک سے پاکستان میں مختلف امور اور ادائیگیوں کے لیے ڈیجیٹل نظام سے متعلق وزارت خارجہ نے بریفنگ دی۔
اس سلسلے میں منعقدہ اجلاس میں وزارت خارجہ، مختلف ممالک میں پاکستان کے سفرا، وزارت داخلہ، ایف آئی اے، وزارت آئی ٹی اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے وزیراعظم کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر کہا کہ کیو آر کوڈ کے ذریعے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی شکایات کے اندراج کی ڈیجیٹلائزیشن خوش آئند ہے، اسے سفارتخانوں میں نمایاں طور پر آویزاں کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ کیو آر کوڈ کے ذریعے شکایات کے اندراج سے متعلق بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے خصوصی آگاہی مہم چلائی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس نظام کے ذریعے اپنی شکایات درج کرا سکیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ شہریوں کی سہولت کے لیے وزارت خارجہ کے دفتر اسلام آباد میں شام کی شفٹ کا حال ہی میں آغاز کیا جا چکا ہے۔ اسی طرح دستاویزات کی تصدیق کی سہولت آسان خدمت مرکز اسلام آباد میں بھی متعارف کروا دی گئی ہے۔
مزید بتایا گیا کہ کورئیر کے ذریعے تصدیقی عمل متعارف کروانے کے ساتھ ساتھ ہائر ایجوکیشن کمیشن، انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن، نادرا اور نیشنل پولیس بیورو کے ڈیٹابیس سے بھی نظام کو منسلک کر دیا گیا ہے، جس سے تصدیقی عمل مزید تیز ہو گیا ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ تصدیقی عمل کو ون اسٹپ کر دیا گیا ہے، جبکہ آئندہ مرحلے میں پورے نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کرنے پر تیزی سے کام جاری ہے۔ اس مقصد کے لیے این آئی ٹی بی کے تعاون سے موبائل ایپلی کیشن تیار کی جا رہی ہے، جس کے ذریعے برتھ اور ڈیتھ سرٹیفکیٹ، میرج رجسٹریشن سرٹیفکیٹ، فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ سمیت مختلف دستاویزات کی ڈیجیٹل تصدیق بھی ممکن ہو سکے گی۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزرا احد خان چیمہ، عطا اللہ تارڑ، چوہدری سالک حسین، شزہ فاطمہ خواجہ، وزیر مملکت عون چوہدری، معاون خصوصی طارق باجوہ اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔






