اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے سینٹرل ایشین والی بال چیمپئن شپ کے فائنل میں بنگلا دیش کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرنے پر قومی والی بال ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔
وزیراعظم نے کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف اور ٹیم مینجمنٹ کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم نے بہترین کھیل، نظم و ضبط اور مثالی ٹیم ورک کا مظاہرہ کرتے ہوئے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے باصلاحیت نوجوان کھیلوں کے ہر میدان میں ملک کا نام روشن کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، اور حکومت کھیلوں کے فروغ کے ساتھ نوجوان کھلاڑیوں کی ہر ممکن سرپرستی جاری رکھے گی۔
وزیراعظم نے قومی ٹیم کے لیے آئندہ مقابلوں میں بھی مزید کامیابیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان نے سینٹرل ایشین والی بال چیمپئن شپ کے فائنل میں بنگلا دیش کو 3-0 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔






