پشاور: پاکستان مسلم لیگ (ق) کو خیبرپختونخوا میں ایک اہم سیاسی کامیابی حاصل ہوئی ہے، جہاں ممتاز قانون دان محمد حبیب قریشی ایڈووکیٹ نے اپنے ساتھیوں سمیت پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔
تفصیلات کے مطابق محمد حبیب قریشی ایڈووکیٹ نے مسلم لیگ (ق) کے مرکزی رہنما چوہدری سالک حسین سے ملاقات کے دوران پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر انصاف لائرز فورم خیبرپختونخوا کے متعدد سینئر رہنما بھی موجود تھے، جنہوں نے بھی مسلم لیگ (ق) پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔
پارٹی میں شامل ہونے والے رہنماؤں میں جہانگیر خان خواجہ، عثمان خان ترلندی اور داد خان بھی شامل ہیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چوہدری سالک حسین نے نئے شامل ہونے والے رہنماؤں کو خوش آمدید کہا اور کہا کہ ان کی شمولیت سے خیبرپختونخوا میں مسلم لیگ (ق) مزید مضبوط، منظم اور فعال ہو گی۔






