راولاکوٹ احتجاج کے پیچھے بھارت نواز عناصر ہیں، خواجہ آصف

اسلام آباد (آئی این پی): وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ راولاکوٹ میں جاری احتجاج کے پیچھے موجود عناصر کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے اور ریاستی ادارے اس حوالے سے پہلے ہی کارروائیاں کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ عناصر پاکستان کی سالمیت کے خلاف سرگرم ہیں اور کھل کر پاکستان دشمنی کا اظہار کر رہے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ احتجاج کے پیچھے موجود افراد بھارت کے حمایت یافتہ ہیں اور ان کا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس زبان اور انداز میں یہ عناصر بات کر رہے ہیں، پاکستان سے محبت کرنے والا کوئی کشمیری یا ملک کے کسی بھی حصے کا شہری ایسا طرزِ عمل اختیار نہیں کر سکتا۔

وزیر دفاع نے کہا کہ ایسے عناصر کو پاکستان دشمن قوتوں کی صف میں شمار کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ فورسز پر حملے کرنے اور سیکیورٹی اہلکاروں کو شہید کرنے والے افراد کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہونے چاہییں، کیونکہ وہ انہیں بھی بھارت کی طرح پاکستان دشمن سمجھتے ہیں۔

آزاد کشمیر کے پہلے مرحلے کے انتخابات سے متعلق سوال پر خواجہ آصف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو عوام کی بھرپور حمایت حاصل ہوئی ہے، تاہم اس مرحلے پر حتمی پیش گوئی کرنا قبل از وقت ہوگا۔ ان کے بقول پہلے مرحلے میں عوام نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے، وہ آئندہ مراحل کے لیے مثبت اشارہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات کے مزید دو مراحل باقی ہیں، اس لیے ابھی یہ کہنا مناسب نہیں کہ مسلم لیگ (ن) حکومت ضرور بنائے گی، تاہم انہیں امید ہے کہ پارٹی باقی مراحل میں بھی کامیابی حاصل کرکے اکیلے حکومت بنانے کی پوزیشن میں آ سکتی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں خواجہ آصف نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی نے ان کے خلاف بھرپور مہم چلائی، لیکن مسلم لیگ (ن) کو واضح کامیابی ملی، جو اللہ تعالیٰ کا کرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے خلاف کوئی بھی کچھ کہتا ہے تو وہ نہ اس پر ناراض ہوتے ہیں اور نہ ہی اسے تبصرے کے قابل سمجھتے ہیں۔