راولپنڈی (آئی این پی): پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ 5 اگست ایک اہم دن ہوگا، اس روز پشاور میں پارٹی کا بڑا جلسہ منعقد ہوگا، جہاں آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اپوزیشن اتحاد کی دیگر جماعتیں بھی اس جلسے میں ساتھ ہوں گی۔
اڈیالہ جیل کے قریب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات کا بائیکاٹ پی ٹی آئی نے سوچ سمجھ کر کیا تھا۔ ان کا دعویٰ تھا کہ انتخابات میں ٹرن آؤٹ صرف 5 سے 7 فیصد رہا، جو نہ ہونے کے برابر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ایک سیاسی جماعت ہے جو جمہوری اور سیاسی جدوجہد پر یقین رکھتی ہے۔ ان کے بقول، الیکشن آج ہوں یا کل، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ انتخابات دوبارہ بھی ہو سکتے ہیں۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہی موجودہ صورتحال میں بہتری کی کنجی ہے۔ اگر ملاقاتوں کا سلسلہ بحال ہو جائے تو حالات تبدیل ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے نورین نیازی کے خلاف مقدمہ درج کیے جانے پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایسے مقدمات سے حالات بہتر نہیں ہوتے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں دہشت گردی کے خلاف قومی یکجہتی کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق ملک اسی صورت آگے بڑھ سکتا ہے جب آزاد اور شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جائے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے واضح کیا کہ ان کی جماعت کسی صورت کالعدم ٹی ٹی پی کی حمایت نہیں کرتی۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ٹی پی سے تعلق رکھنے والا ہر شخص دہشت گرد ہے اور دہشت گردی کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے، اس معاملے پر کوئی دو رائے نہیں۔






