لاہور (آئی این پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے سرسبز اور سموگ فری پنجاب وژن کے تحت جدید طرز کے گرین ریلوے کوریڈور منصوبے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ چار مراحل پر مشتمل اس منصوبے کے تحت ریلوے کی ویران اور کچرے سے اٹی زمینوں کو سرسبز پارکس اور تفریحی مقامات میں تبدیل کیا جائے گا۔
منصوبے کے پہلے مرحلے میں شاہدرہ سے رائیونڈ تک 20 ایکڑ رقبے کو خوبصورت سبزہ زاروں، باغات اور سیرگاہوں میں تبدیل کر دیا گیا ہے، جبکہ ریلوے ٹریک کے ساتھ واقع اراضی پر 21 پارکس بھی مکمل کر لیے گئے ہیں، جہاں شہری تفریح کے ساتھ بہتر ماحول سے بھی لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
45 کلومیٹر طویل گرین ریلوے کوریڈور منصوبے کی مجموعی لاگت ایک ارب 77 کروڑ روپے سے زائد ہے۔ اس منصوبے پر پنجاب ہارٹی کلچر اتھارٹی اور پاکستان ریلوے مشترکہ طور پر کام کر رہے ہیں، جبکہ اسے چار پیکیجز میں تقسیم کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے منصوبے کے باقی مراحل میں حائل رکاوٹیں جلد دور کرنے اور کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت جاری کی ہے تاکہ منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل کیا جا سکے۔
شہریوں نے گرین ریلوے کوریڈور منصوبے کو سراہتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کچرے کے ڈھیروں کو خوبصورت پارکس میں تبدیل کرنا قابلِ تحسین اقدام ہے، جس سے بچوں، خواتین اور خاندانوں کو معیاری تفریحی مقامات میسر آئے ہیں۔ ایک بزرگ شہری نے کہا کہ “یقین نہیں آ رہا کہ پاکستان میں بھی ایسا ممکن ہو سکتا ہے۔”






