اعلیٰ سرکاری شخصیت کے گھر چھاپہ، ایس ایچ او سمیت 11 اہلکار معطل

لاہور میں غلط معلومات کی بنیاد پر ایک اعلیٰ سرکاری شخصیت کے بھائی کے گھر پر چھاپہ مارنے اور مبینہ طور پر جھوٹا مقدمہ درج کرنے کے الزام میں ایس ایچ او سرور روڈ محمد عرفان سمیت 11 پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا ہے، جبکہ ان کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق ایس ایچ او سرور روڈ نے ایس پی کینٹ کی اجازت سے مذکورہ گھر پر چھاپہ مارا تھا، تاہم بعد ازاں کارروائی اور درج کیے گئے مقدمے کو غلط قرار دیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جھوٹا مقدمہ درج کرنے اور اختیارات کے مبینہ غلط استعمال پر سب انسپکٹر مشتاق کی مدعیت میں ایس ایچ او محمد عرفان سمیت تمام متعلقہ اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق معطل کیے گئے اہلکاروں کو چارج شیٹ بھی جاری کر دی گئی ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

close