بلوچستان میں آپریشن العزم کے تحت سکیورٹی فورسز کی دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، جن میں اب تک 16 دہشت گرد ہلاک ہو چکے ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کی گئی، جس کے دوران دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں اور کمین گاہوں کو تباہ کر دیا گیا۔ کارروائی کے دوران اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق آپریشن العزم میں فتنہ الہندوستان کے 16 دہشت گرد مارے جا چکے ہیں، جبکہ بلوچستان میں امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔
گزشتہ روز بھی مستونگ میں کارروائی کے دوران تین دہشت گرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔ اس کے علاوہ جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز نے چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے چار دہشت گردوں کو ہلاک کیا تھا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق حملہ آوروں نے چیک پوسٹ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، تاہم بروقت کارروائی کرتے ہوئے حملہ ناکام بنا دیا گیا۔ جوابی کارروائی میں دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی اور خودکش حملہ آور کو بھی تباہ کر دیا گیا، جبکہ چیک پوسٹ کو کسی نقصان کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






