اسلام آباد (آئی این پی): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان کے ضلع مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن پر جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی سپانسرڈ دہشت گردوں کے خلاف بروقت کارروائی سے دشمن کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے گئے۔
اپنے بیان میں وزیر داخلہ نے آپریشن کے دوران چار دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ فورسز نے فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے منصوبے خاک میں ملا دیے۔
محسن نقوی نے کہا کہ “فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کا ناپاک گٹھ جوڑ کسی صورت وطنِ عزیز کا امن تباہ نہیں کر سکتا۔”
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز بلوچستان میں امن و امان کے قیام اور دہشت گرد عناصر کے خاتمے کے لیے بھرپور کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی بہادر اور پیشہ ور سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملک کے امن و استحکام کے لیے ان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






