//

پٹرولیم مصنوعات کی روزانہ بدلتی قیمتوں کے باعث ٹینکی فل کرانا پہنچ سے باہر

لاہور (آئی این پی): پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر ردوبدل نے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث نہ صرف ایندھن بلکہ روزمرہ استعمال کی اشیا بھی مسلسل مہنگی ہو رہی ہیں، جبکہ شہریوں کے لیے گاڑی یا موٹر سائیکل کی ٹینکی فل کرانا ایک خواب بنتا جا رہا ہے۔

لاہور کے مختلف پٹرول پمپس پر شہریوں سے گفتگو کے دوران معلوم ہوا کہ 100 میں سے تقریباً 90 افراد کو یاد ہی نہیں کہ انہوں نے آخری بار اپنی گاڑی یا موٹر سائیکل کی ٹینکی کب مکمل بھرائی تھی۔

کار سوار اکبر، امجد، کاشف اور عقیل نے بتایا کہ اب وہ ضرورت کے مطابق کبھی دو ہزار، کبھی تین ہزار اور زیادہ سے زیادہ پانچ ہزار روپے کا پٹرول ڈلواتے ہیں، جبکہ موٹر سائیکل سوار زیادہ تر 200 یا 300 روپے کا پٹرول خریدنے پر مجبور ہیں۔

کئی موٹر سائیکل سواروں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شاید قیمتیں کم ہونے پر ہی وہ اپنی زندگی میں دوبارہ موٹر سائیکل کی ٹینکی مکمل بھروا سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اب صرف ضرورت کے مطابق پٹرول خرید کر گزارا کیا جا رہا ہے۔

شہری امتیاز نے بتایا کہ انہوں نے چار ماہ قبل آخری بار گاڑی کی ٹینکی فل کرائی تھی، جبکہ اب بچوں کو اسکول لانے لے جانے یا ہنگامی ضرورت کے لیے ہی گاڑی استعمال کرتے ہیں۔ ان کے مطابق اسکول ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافے نے بھی ذاتی گاڑی استعمال کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔

دوسری جانب پاکستان پٹرولیم اونرز ایسوسی ایشن کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور روزانہ نرخ تبدیل ہونے کے باعث پٹرول کی فروخت میں 35 سے 40 فیصد تک کمی آ چکی ہے۔

ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ فروخت میں کمی کے باعث پٹرول پمپ مالکان کے لیے اخراجات پورے کرنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔ بجلی کے بل، تنخواہوں اور دیگر آپریشنل اخراجات میں نمایاں اضافہ ہو چکا ہے، جس سے کاروبار شدید دباؤ کا شکار ہے۔

رپورٹ کے مطابق مہنگے پٹرول نے نہ صرف عوام بلکہ پٹرول پمپ مالکان کو بھی پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو مزید شہری پبلک ٹرانسپورٹ کا رخ کریں گے، اگرچہ بہت سے علاقوں میں مناسب پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت موجود نہیں، جس کے باعث لوگ ذاتی گاڑیاں استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں گاڑی یا موٹر سائیکل کی ٹینکی فل کرانا اب صرف ایک خواہش بن کر رہ گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close