//

دفاعی معاہدے کے پابند ، سعودی عرب کی سلامتی اور خودمختاری کیلیے فیلڈ مارشل سمیت پوری قوم سعودیہ کیساتھ، وزیراعظم کی ولی عہد سے گفتگو

وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے بحیرۂ احمر میں سعودی آئل ٹینکروں پر ہونے والے حملوں کی شدید مذمت کی اور انہیں بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ بحیرۂ احمر میں حملے عالمی جہاز رانی اور تجارتی نقل و حمل کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پوری پاکستانی قوم سعودی عرب کے ساتھ کھڑی ہے اور پاکستان اس نازک وقت میں سعودی قیادت کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان بحیرۂ احمر، آبنائے ہرمز اور پورے خطے میں امن و سلامتی کے فروغ کے لیے تعاون جاری رکھے گا، جبکہ محفوظ اور بلا تعطل قانونی سمندری تجارت کے تحفظ کے لیے عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔

گفتگو کے دوران سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے پاکستان کی مستقل حمایت اور دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کو سراہا۔ وزیراعظم نے خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لیے نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا۔

دوسری جانب حوثی باغیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے بحیرۂ احمر میں سعودی عرب کے دو آئل ٹینکروں کو نشانہ بنایا۔ حوثیوں کے فوجی ترجمان یحییٰ سریع کے مطابق یہ کارروائی اس لیے کی گئی کیونکہ دونوں جہازوں نے ان کی جانب سے سعودی بندرگاہوں کے حوالے سے عائد بحری پابندی کی خلاف ورزی کی تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close