بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں کوئٹہ سے کراچی جانے والی مسافر بس پر مسلح افراد کے حملے میں 3 مسافر جاں بحق جبکہ 3 دیگر زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں انعام الحق، سید طارق نیاز اور لیاقت خان شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں نجم ثاقب، عبدالحنان اور عبدالولی شامل ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں، جبکہ حملہ آوروں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ واقعے کی مزید تحقیقات بھی کی جا رہی ہیں۔
اس سے قبل بھی بلوچستان کے اضلاع قلات اور سوراب میں کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر مسافر بسوں پر فائرنگ کے دو الگ الگ واقعات پیش آئے تھے، جن میں 4 افراد جاں بحق اور ایک خاتون سمیت 4 افراد زخمی ہوئے تھے۔
پولیس حکام کے مطابق قلات کی تحصیل منگوچر کے قریب گرو کے علاقے میں گھات لگائے مسلح افراد نے کوئٹہ سے کراچی جانے والی ایک مسافر کوچ پر اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ جاں بحق افراد کی لاشیں شناخت کے لیے شیخ زید اسپتال کوئٹہ منتقل کی گئیں۔
دوسری جانب سوراب کے قریب کوئٹہ سے تربت جانے والی ایک اور مسافر کوچ کو بھی نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں ایک خاتون شدید زخمی ہوئیں، جنہیں طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ان واقعات کے بعد قومی شاہراہ پر سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے، جبکہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






