//

یوٹیوبر مسٹر بیسٹ شادی کے بندھن میں بندھ گئے

نیویارک (آئی این پی): دنیا کے مقبول ترین یوٹیوبر مسٹر بیسٹ (جمی ڈونلڈسن) اپنی دیرینہ دوست اور معروف یوٹیوبر تھیا بویسین کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔

مسٹر بیسٹ نے اپنی شادی کی تصاویر انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا، “میں نے مسز بیسٹ کو ڈھونڈ لیا ہے”۔ انہوں نے اس موقع کو اپنی زندگی کا بہترین دن قرار دیا۔

رپورٹس کے مطابق شادی کی تقریب نیکر آئی لینڈ (Necker Island) پر منعقد ہوئی، جس میں خاندان کے افراد اور قریبی دوستوں سمیت تقریباً 70 مہمانوں نے شرکت کی۔ شادی کی تقریبات کا آغاز 14 جولائی سے ہوا اور ایک ہفتے تک جاری رہیں۔

جمی ڈونلڈسن، جو مسٹر بیسٹ کے نام سے دنیا بھر میں معروف ہیں، یوٹیوب پر سب سے زیادہ سبسکرائب کیے جانے والے چینل کے مالک ہیں۔

ان کی اہلیہ تھیا بویسین جنوبی افریقا سے تعلق رکھنے والی معروف یوٹیوبر ہیں۔ انہوں نے قانون اور نفسیات میں ڈگریاں حاصل کر رکھی ہیں اور مسٹر بیسٹ کی متعدد ویڈیوز میں بھی نظر آ چکی ہیں۔

دونوں کی پہلی ملاقات 2022 میں جنوبی افریقا میں ہوئی تھی۔ بعد ازاں رابطے دوستی میں اور پھر محبت میں بدل گئے۔ ایک انٹرویو میں تھیا بویسین نے کہا تھا کہ پہلی ملاقات پر وہ اس بات سے متاثر ہوئیں کہ مسٹر بیسٹ نہایت منکسرالمزاج اور غیر معمولی ذہین شخصیت کے مالک ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close