اسلام آباد (آئی این پی): نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 22 سے 24 جولائی کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں، سیلابی ریلوں اور اربن فلڈنگ کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر، بلوچستان اور پنجاب میں موسلا دھار بارشوں کے باعث دریاؤں، ندی نالوں اور آبی گزرگاہوں میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
الرٹ میں کہا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا کے متعدد اضلاع میں پہاڑی نالوں میں طغیانی اور فلیش فلڈ کا خدشہ ہے، جبکہ آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہونے کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب میں ڈی جی خان، راجن پور کے برساتی نالوں اور میانوالی میں دریائے کرم میں طغیانی کا خدشہ ہے، جبکہ بلوچستان کے ژوب، لورالائی، زیارت، بارکھان، سبی اور دیگر علاقوں کے ندی نالے بھی خطرناک حد تک بپھر سکتے ہیں۔
ادارے نے خبردار کیا ہے کہ راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، پشاور اور دیگر بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے، جبکہ دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر اونچے درجے اور دریائے جہلم میں منگلا کے مقام پر درمیانے درجے کے سیلاب کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ جہلم، چناب اور راوی کے بیسن سے منسلک ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ متوقع ہے، جبکہ دریائے راوی میں بلوکی کے مقام پر آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران کم درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔ اسی طرح دریائے سوات، پنجکوڑہ، چترال، کابل اور ان کے معاون دریاؤں میں بھی پانی کی سطح بلند ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری طور پر پہاڑی اور حساس علاقوں کا سفر کرنے سے گریز کریں، جبکہ متعلقہ ادارے ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے حساس مقامات کی مسلسل نگرانی، شاہراہوں کی بحالی اور بروقت امدادی اقدامات کو یقینی بنائیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






