سیالکوٹ (آئی این پی): بھارت کی جانب سے دریائے چناب پر قائم سلال ڈیم کے تمام سات گیٹ کھولنے کے بعد پنجاب کے محکمہ آبپاشی نے سیالکوٹ اور وزیرآباد میں ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
محکمہ ایریگیشن پنجاب کے مطابق بھارت نے پاکستان کو پیشگی اطلاع دیے بغیر سلال ڈیم کے ساتوں گیٹ کھول دیے، جس کے نتیجے میں دریائے چناب میں پانی کی سطح تیزی سے بلند ہونا شروع ہو گئی ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد جواد پیرزادہ نے بتایا کہ آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران سیلابی ریلہ دریائے چناب میں وزیرآباد کے مقام پر پہنچنے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے کی جانب سے بڑے سیلاب کی وارننگ جاری کی گئی ہے اور بھارت سے آنے والے پانی کے باعث دریائے چناب میں غیر معمولی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے، جبکہ دریائے چناب کے کنارے آباد علاقوں میں احتیاطی اقدامات تیز کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






