//

طلبہ احتجاج: بھارتی اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی کا مودی سے معافی کا مطالبہ

بھارتی اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ طلبہ کے ساتھ کیے گئے سلوک پر معافی مانگیں اور تعلیمی نظام میں فوری اصلاحات کریں۔

عارضی حراستی مرکز سے جاری ویڈیو بیان میں راہول گاندھی نے کہا کہ طلبہ کے مطالبات جائز ہیں اور اپوزیشن ان کے احتجاج کی مکمل حمایت کرتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے لوک سبھا اسپیکر سے ملاقات کر کے طلبہ کے ساتھ مذاکرات کی درخواست کی تھی، تاہم اسپیکر نے کہا کہ انہیں اس معاملے پر حکومت سے اجازت لینا ہوگی۔ راہول گاندھی کے مطابق بعد میں انہیں بتایا گیا کہ حکومت طلبہ سے بات چیت میں دلچسپی نہیں رکھتی۔

انہوں نے کہا کہ اسی وجہ سے اپوزیشن نے وزیر اعظم کی رہائش گاہ کے باہر احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ طلبہ کے مسائل کو قومی سطح پر اجاگر کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں تعلیم کے بڑھتے اخراجات اور تعلیمی نظام سے متعلق طلبہ کے سوالات اہم ہیں۔

راہول گاندھی نے کہا کہ طلبہ وزیر تعلیم اور وزیر داخلہ امیت شاہ کے استعفے کا مطالبہ کر رہے ہیں، جبکہ مظاہرین پر مبینہ تشدد کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی اور طلبہ کے خلاف درج مقدمات ختم کیے جانے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن چاہتی ہے کہ یہ معاملہ اسمبلی اجلاس میں زیر بحث لایا جائے اور وزیر اعظم نریندر مودی گزشتہ روز مظاہرین کے ساتھ ہونے والے سلوک پر طلبہ سے معافی مانگیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم نریندر مودی کی رہائش گاہ کے باہر احتجاج کے دوران راہول گاندھی سمیت متعدد افراد کو حراست میں لے لیا گیا تھا، جبکہ پولیس کی جانب سے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے کارروائی بھی کی گئی تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close