//

افسوسناک کشتی حادثہ ، سیکڑوں تارکین وطن ہلاک یا لاپتہ

موریطانیہ کے ساحل کے قریب یورپ جانے کی کوشش کرنے والی ایک کشتی کے حادثے میں کم از کم 143 پناہ گزین اور تارکین وطن ہلاک یا لاپتا ہو گئے۔

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) کے مطابق یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا جب 14 سے 18 جولائی کے دوران موریطانیہ کے ساحل کے قریب تین مختلف امدادی کارروائیوں میں خراب کشتیوں سے 387 افراد کو بحفاظت بچایا گیا۔

ادارے کے مطابق متاثرہ کشتی گیمبیا کے علاقے بافولوٹو سے روانہ ہوئی تھی اور 25 روز تک سمندر میں بھٹکنے کے بعد 18 جولائی کو ریسکیو کی گئی۔ کشتی جب موریطانیہ کی بندرگاہ نواذیبو پہنچی تو اس میں متعدد لاشیں اور 38 زندہ بچ جانے والے افراد موجود تھے۔

یو این ایچ سی آر کے ترجمان میٹ سالٹ مارش نے بتایا کہ زندہ بچ جانے والوں میں دو بچے بھی شامل ہیں، جنہوں نے اس سفر کے دوران اپنے تمام اہل خانہ کو کھو دیا۔ دونوں بچوں کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ادارے کے مطابق 14 جولائی کو موریطانیہ پہنچنے والی ایک اور کشتی میں بھی ایک شخص جان کی بازی ہار گیا۔ ہلاک ہونے والوں کا تعلق افریقہ کے صحرائے اعظم کے جنوب میں واقع مختلف ممالک سے تھا، تاہم اموات کی وجوہات کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

موریطانیہ کے ساحلی محافظوں کے مطابق کشتی میں 160 افراد سوار تھے اور روانگی کے کچھ عرصے بعد اس کا ایندھن ختم ہو گیا، جس کے باعث 122 افراد لاپتا ہو گئے۔

یو این ایچ سی آر نے کینری جزائر جانے والے سمندری راستے کو دنیا کے خطرناک ترین راستوں میں شمار کرتے ہوئے کہا کہ طویل فاصلے، گنجائش سے زیادہ مسافروں اور غیر محفوظ کشتیوں کے باعث اس راستے پر ہلاکتوں کی شرح بہت زیادہ ہے۔

ادارے نے زور دیا کہ خطرناک سمندری سفر کی حوصلہ شکنی کے لیے لوگوں کو تعلیم، روزگار اور بہتر معاشی مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔

موریطانیہ بحرِ اوقیانوس کے اس راستے پر ایک اہم روانگی کا مقام ہے، جہاں سے ہر سال ہزاروں تارکین وطن اسپین کے زیرِ انتظام کینری جزائر پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں۔ تاہم یورپی یونین کی مالی معاونت سے تارکین وطن کے خلاف کارروائیوں کے بعد اس راستے پر آنے والوں کی تعداد میں کمی آئی ہے، جبکہ ناقدین کا کہنا ہے کہ اس کے نتیجے میں بہت سے افراد مزید طویل اور خطرناک سمندری راستے اختیار کرنے پر مجبور ہو رہے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close