//

پاکستان کے وزیراعظم نہ بن سکے، اب کشمیر کا وزیراعظم بننے کی خواہش ہے، نیئر بخاری

اسلام آباد (آئی این پی): پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے سیکرٹری جنرل سید نیئر بخاری نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پیپلز پارٹی حمایت نہ کرتی تو شہباز شریف وزیراعظم اور مریم نواز وزیراعلیٰ پنجاب نہ بن سکتیں۔

میڈیا سے گفتگو میں نیئر بخاری نے کہا کہ پنجاب حکومت ترقی کے دعوے کرتی ہے، مگر ایک دن کی بارش سے سڑکیں تالاب بن جاتی ہیں اور ہر سال صوبہ سیلابی صورتحال کا سامنا کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن کے مقدمات کا سامنا سب سے زیادہ مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے کیا ہے، جبکہ عوام ان کی کارکردگی سے بخوبی آگاہ ہیں۔

نیئر بخاری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا مؤقف تھا کہ امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے تک آزاد کشمیر کے انتخابات ملتوی کیے جائیں، تاہم مسلم لیگ (ن) کے وزرا بروقت انتخابات پر اصرار کرتے رہے۔ ان کے بقول اب جبکہ مرحلہ وار انتخابات کا اعلان ہو چکا ہے، ن لیگ کو اپنے سابق مؤقف کی وضاحت کرنی چاہیے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پیپلز پارٹی آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں اکثریت حاصل کرکے اپنی حکومت قائم کرے گی اور اپنا وزیراعظم منتخب کرے گی۔

نواز شریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے نیئر بخاری نے کہا کہ وہ مہاجرین کی نشست پر بھی امیدوار نہیں، پاکستان کے وزیراعظم نہ بن سکے تو اب انہیں کشمیر کا وزیراعظم بننے کی خواہش ہو گئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close