لاہور (آئی این پی): پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے روزانہ جائزے سے متعلق حکومتی پالیسی پر عوام کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔ شہریوں نے روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں میں ردوبدل کو غیرمنصفانہ قرار دیتے ہوئے حکومت سے قیمتوں کے تعین کا شفاف طریقہ کار سامنے لانے کا مطالبہ کیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت عالمی منڈی میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کو بنیاد بنا کر روزانہ قیمتیں تبدیل کر رہی ہے، حالانکہ یہ واضح نہیں کیا جا رہا کہ عالمی منڈی سے خریدا گیا پیٹرول محض 24 گھنٹوں میں پاکستان کیسے پہنچ جاتا ہے اور اسی بنیاد پر قیمتوں کا تعین کیسے کیا جا سکتا ہے۔
عوام کا مؤقف ہے کہ ملک میں استعمال ہونے والا پیٹرول پہلے سے درآمد کیے گئے ذخائر سے فراہم کیا جاتا ہے، اس لیے عالمی منڈی کی روزانہ قیمتوں کا فوری اطلاق سمجھ سے بالاتر ہے۔
شہریوں نے الزام عائد کیا کہ عالمی منڈی میں قیمتیں کم ہونے پر عوام کو فوری ریلیف نہیں دیا جاتا، جبکہ قیمتوں میں اضافے کی صورت میں اس کا بوجھ فوری طور پر صارفین پر منتقل کر دیا جاتا ہے۔
عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کا مکمل، شفاف اور قابلِ فہم طریقہ کار عوام کے سامنے لایا جائے تاکہ بے یقینی اور تشویش کا خاتمہ ہو سکے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






