//

پاکستان جدید ٹیکنالوجی میں صفِ اول پر، شہباز شریف

اسلام آباد (آئی این پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان جدید ٹیکنالوجی میں صفِ اول کی قوم بننے کی جانب تیزی سے گامزن ہے اور انڈس روبوٹکس اینڈ آٹونومس سسٹمز ایکسپو 2026 اس سفر میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔

اسلام آباد میں منعقدہ انڈس روبوٹکس اینڈ آٹونومس سسٹمز ایکسپو 2026 سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ روبوٹکس، مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور ڈرون ٹیکنالوجی نہ صرف قومی معیشت کو مضبوط بنائیں گے بلکہ قومی سلامتی کو مزید مؤثر اور عوامی زندگی کو آسان بنانے میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے رواں سال انڈس اے آئی سمٹ کی میزبانی بھی کی، جو جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے حکومت کے عزم کا واضح اظہار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو ٹیکنالوجی کبھی تصور سمجھی جاتی تھی، آج حقیقت بن چکی ہے، جبکہ پاکستان ڈرونز کی 60 فیصد سے زائد مقامی تیاری حاصل کر کے اس شعبے میں نمایاں پیش رفت کر چکا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج نے جدید ٹیکنالوجی کو مؤثر انداز میں اپناتے ہوئے معرکۂ حق کے دوران آٹونومس سسٹمز اور سائبر سکیورٹی کے ذریعے سرحدوں کا کامیاب دفاع کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری کے تحفظ کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال جاری رکھے گا اور دفاعی شعبے میں آٹونومس صلاحیتوں کے فروغ کے لیے جامع قانونی اور پالیسی فریم ورک بھی تیار کیا جائے گا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں پاکستان نے ڈیجیٹل تبدیلی کی واضح سمت اختیار کی ہے اور ملک روبوٹکس اور مصنوعی ذہانت کی مکمل ویلیو چین کا حصہ بننے کی طرف بڑھ رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے اے آئی سے لیس پرائم منسٹرز آفس سسٹم کا افتتاح بھی کر دیا ہے، جو حکومتی امور اور گورننس میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دے گا۔

شزا فاطمہ کے مطابق حکومت ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، ڈیجیٹل مہارتوں اور جدید ٹیکنالوجیز میں سرمایہ کاری کر رہی ہے، جس کے نتیجے میں آئی سی ٹی برآمدات میں تقریباً 21 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ پاکستان ای گورنمنٹ ڈویلپمنٹ انڈیکس میں بھی 14 درجے بہتری حاصل کرنے میں کامیاب ہوا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close