اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے خطے میں امن کے لیے انتھک کوششیں کیں، ایران اور امریکا کو 47 سال بعد اسلام آباد میں مذاکرات کی میز پر لانا غیر معمولی کامیابی تھی، مذاکراتی عمل کے نتیجے میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔ روز بروز بڑھتی ہوئی ملکی آبادی ایک ٹکنگ ٹائم بم ہے جس پر جلد اپیکس کمیٹی کا اجلاس طلب کرکے کڑے فیصلے کیے جائیں گے، ورنہ ہم بھوکے کے بھوکے رہ جائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ سے خطاب اور شرکا کے ساتھ سوال و جواب کے سیشن کے دوران کیا۔
وزیراعظم نے جواباً کہا کہ ملکی آبادی ایک ٹکنگ ٹائم بم ہے، جس پر ہم نے ڈاکٹر شبانہ کی زیر نگرانی ٹاسک فورس بنا دی ہے، جس میں وزیر صحت بھی شامل ہیں، جبکہ میں خود اس کی صدارت کر رہا ہوں اور یہ ایک اپیکس باڈی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جلد اپیکس کمیٹی کا اجلاس ہوگا، جس میں معاشی اصلاحات کے لیے کیے جانے والے کڑے فیصلوں کی طرح آبادی میں اضافے کو کنٹرول کرنے کے لیے بھی سخت فیصلے کیے جائیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں سونے کی غیر قانونی مائننگ مکمل طور پر بند کردی گئی ہے۔ کان کنی، مینوفیکچرنگ و پراسیسنگ کے بعد قیمتی مصنوعات کی برآمدات ہمارا مشن ہے۔ حکومت نے مستقبل کے لیے معدنیات کی ویلیو ایڈیشن کا باقاعدہ منصوبہ تیار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مائننگ کمپنیوں کو معاہدوں کے تحت مقررہ مدت میں سمیلٹرز لگانے کی پابندی کرنا ہوگی، معدنیات کی ویلیو ایڈیشن کی پالیسی پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا۔ بحرانی کیفیت کے ابتدائی چند ہفتوں میں وفاقی حکومت نے 28 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت نے دن رات محنت کرکے توانائی کی مشکلات کم کرنے کے لیے میکنزم وضع کیا۔ بحرانی کیفیت کے ابتدائی چند ہفتوں میں وفاقی حکومت نے 28 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کی۔
وزیراعظم نے بتایا کہ چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں فیول سبسڈی کی مد میں 50 ارب روپے خرچ ہوچکے ہیں، فیول سبسڈی کا نظام انتہائی اطمینان اور کامیابی کے ساتھ چل رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سماجی اور اقتصادی اہداف انفرادی کوششوں سے حاصل نہیں کیے جاسکتے، قومی سطح پر ٹیم ورک اور شراکت داری کے ذریعے ہی اہداف حاصل کیے جاسکتے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایران اور امریکا کو 47 سال بعد اسلام آباد میں مذاکرات کی میز پر لانا پاکستان کی غیر معمولی سفارتی کامیابی تھی، جبکہ پاکستان خطے میں امن کی بحالی کے لیے مخلصانہ اور سنجیدہ کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے انعقاد میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے خطے میں امن کے لیے انتھک کوششیں کیں۔ ان کے مطابق مذاکراتی عمل کے نتیجے میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔
شہباز شریف نے کہا کہ معرکہ حق میں فیلڈ مارشل کی قیادت میں بہادر افواج نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا۔ اب وقت آگیا ہے کہ ان کامیابیوں کو معاشی فوائد میں تبدیل کیا جائے۔
شہباز شریف نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں خصوصاً سیلز ٹیکس جیسے بالواسطہ ٹیکسوں میں بڑے پیمانے پر چوری ہوتی رہی ہے، تاہم ڈھائی سال کے دوران طویل عرصے سے زیر التوا اصلاحات آگے بڑھائی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ مالی سال 2025-26 میں اصلاحات کے نفاذ کے نتیجے میں ٹیکس چوری اور بدعنوانی کی روک تھام کے ذریعے ریکارڈ 900 ارب روپے وصول کیے گئے۔ وزیراعظم نے اسے بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پہلی مرتبہ ایف بی آر سے انتہائی کرپٹ عناصر کا خاتمہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کی شرح نمو رواں سال 3.5 فیصد رہنے کا تخمینہ ہے، تاہم ملک کو جلد از جلد اسے کم از کم 6 فیصد تک پہنچانا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر شاید ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہیں، لیکن ملک کو عزت اور وقار کے ساتھ آگے بڑھنے کے لیے مسلسل محنت، امانت اور دیانت کو اپنانا ہوگا۔
وزیراعظم نے بتایا کہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں پاکستان کی برآمدات میں 8 فیصد اضافہ ہوا، تاہم اس میں مزید اضافے کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق پاکستان کی آئی ٹی برآمدات 4 ارب 60 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی ہیں، جبکہ تین سال قبل یہ تقریباً ڈیڑھ ارب ڈالر کے قریب تھیں۔
وزیراعظم نے زراعت کو ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 80 برس کے دوران اس شعبے کے ساتھ وہ سلوک نہیں کیا گیا جس کا یہ مستحق تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اب زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت ہے، جبکہ لائیو اسٹاک کے شعبے میں بھی پاکستان کے لیے بہت زیادہ امکانات موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے ذہین افراد، محنتی کسانوں، زرخیز زمین، پہاڑوں اور پانی سمیت بے شمار وسائل سے نوازا ہے، تاہم ترقی کے لیے محنت کی ضرورت ہے۔
نوجوانوں کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ نوجوان پاکستان کے لیے ایک چیلنج بھی ہیں اور بڑا موقع بھی۔ انہیں جدید ٹیکنالوجی، ٹیکنالوجی پر مبنی تعلیم اور پیداواری روزگار فراہم کرنا ہوگا، جبکہ آئندہ چند برسوں میں نوجوانوں کے لیے بڑی تعداد میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو ہنرمند بنا کر تمام وسائل ان کے قدموں میں نچھاور کرنا ہوں گے۔ آئی ٹی، مصنوعی ذہانت (اے آئی)، ووکیشنل اور اسکل ٹریننگ نوجوانوں کے لیے انتہائی اہم ہیں۔ وفاقی حکومت صوبوں کے ساتھ مل کر نوجوانوں کی تعلیم اور تربیت کے لیے کام کر رہی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی تقریباً 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اور انہیں بااختیار بنائے بغیر ملک اپنے پاؤں پر کھڑا نہیں ہو سکتا۔ ان کے مطابق نوجوان نسل کو تعلیم اور جدید علوم سے آراستہ کرنا پہاڑوں میں موجود معدنی وسائل سے بھی زیادہ قیمتی اثاثہ ثابت ہو سکتا ہے۔
خطاب کے اختتام پر وزیراعظم نے علامہ اقبال کے اشعار کے ذریعے پیغام دیا کہ ترقی نئے افکار اور جدید سوچ سے ہوتی ہے اور اس کے لیے محنت، امانت اور دیانت بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔
آزاد کشمیر کی رکن قانون ساز اسمبلی زوبیہ خورشید راجا کے غیر ملکی سرمایہ کاری سے متعلق سوال پر وزیراعظم نے کہا کہ اس سوال پر وزیر خزانہ کو جواب دینے کی دعوت دینے سے قبل میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ آزاد کشمیر سے ہماری قوم کی بیٹی کے سوال کرنے پر وہ بہت خوش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں یہ بتانا چاہتا ہوں کہ آزاد کشمیر میں پہلی مرتبہ دانش اسکولوں کی ایک چین قائم کی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق بھمبر میں پہلا اسکول دسمبر میں مکمل ہو جائے گا، جبکہ باغ میں دوسرا اسکول بھی قائم کیا جا رہا ہے۔ ان اسکولوں میں آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت سے متعلق ورکشاپس بھی ہوں گی اور مستحق طلبہ کو میرٹ پر داخلے دیے جائیں گے۔
زوبیہ راجا کے سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر خزانہ سینیٹر اورنگزیب نے کہا کہ ماضی میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو منافع اور ڈیویڈنڈ بیرون ملک منتقل کرنے میں مشکلات کا سامنا تھا، جس کے باعث 2023 کے دوران تقریباً 4 سے ساڑھے 4 ارب ڈالر کی ادائیگیاں زیر التوا ہوگئی تھیں۔ ان کے مطابق حکومت کو یہ بقایا جات ختم کرنے میں 2 سال لگے۔
وزیر خزانہ نے بتایا کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر بشمول بینکاری نظام سے باہر موجود ڈپازٹس 21 ارب 60 کروڑ ڈالر تک پہنچ چکے ہیں، جبکہ ملک کے پاس تقریباً 3 ماہ کی درآمدات کے لیے ذخائر موجود ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے کے لیے مقامی سرمایہ کاروں کا اعتماد ضروری ہے۔ وزیر خزانہ کے مطابق پی آئی اے کی نجکاری کے عمل میں دو بڑے کاروباری گروپس نے مجموعی طور پر ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کی، جبکہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی نجکاری کا عمل بھی آگے بڑھایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور ترکیہ کے سرمایہ کاروں نے بھی پاکستان میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ ان کے مطابق گزشتہ مالی سال میں پاکستان میں 11 آئی پی اوز ہوئے، جبکہ رواں مالی سال میں اب تک 6 آئی پی اوز ہو چکے ہیں۔ وزیر خزانہ نے اسے مقامی سرمایہ کاروں کے اعتماد اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کی علامت قرار دیا۔
سوال و جواب کی نشست کے دوران وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت نوجوانوں کی تربیت اور رضاکارانہ سرگرمیوں سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔
وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے بتایا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت جامعات میں گرین یوتھ موومنٹ کے مراکز قائم کیے گئے ہیں، جہاں طلبہ رضاکارانہ بنیادوں پر ماحولیاتی سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہیں۔ ان مراکز میں انتخابات بھی منعقد کیے جاتے ہیں، جبکہ ڈیجیٹل یوتھ ہب کے ذریعے نوجوانوں کو کورسز اور دیگر مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔
مزید تفصیل بتاتے ہوئے چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود نے شرکا کو بتایا کہ یوتھ پروگرام کے 4 بنیادی شعبے تعلیم، پیداواری روزگار، کاروبار اور ماحولیات ہیں۔ پروگرام کے تحت تکنیکی تعلیم، آئی ٹی، مصنوعی ذہانت، کھیل، آرٹس، ثقافت اور سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں بھی مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کی مدد کے لیے 292 ارب روپے کا کاروباری قرض پروگرام بھی جاری ہے، جس کا مقصد نئے کاروبار اور اسٹارٹ اپس کی معاونت کرنا ہے۔
پنجاب کے رکن اسمبلی ذوالفقار علی شاہ کے سوال پر وزیراعظم نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں درپیش مشکلات اور عالمی حالات کے اثرات سے نمٹنے کے لیے قومی ہم آہنگی اور اہم سماجی و معاشی معاملات پر قومی مکالمے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان توانائی کا بڑا درآمد کنندہ ہے اور ہر سال اربوں ڈالر کی ایل این جی، ایل پی جی، خام تیل، پٹرول اور گیس درآمد کرتا ہے۔ عالمی حالات کے باعث پیدا ہونے والے دباؤ کو کم کرنے کے لیے حکومت نے مختلف اقدامات کیے ہیں۔
وزیراعظم کے مطابق ابتدائی ہفتوں میں وفاقی حکومت نے 28 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کی، تاہم بعد میں اس نظام کو زیادہ مؤثر اور مستحق افراد تک محدود کرنے کے لیے پالیسی تبدیل کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے لیے ایندھن کی سبسڈی پر اب تک تقریباً 50 ارب روپے خرچ کیے جا چکے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ قومی مفاد میں معاشی اور سماجی اہداف حاصل کرنے کے لیے وفاقی حکومت، پارلیمان، سیاسی جماعتوں اور معاشرے کے مختلف طبقات کے درمیان شراکت داری ضروری ہے۔ ان کے مطابق قومی سطح پر مکالمے اور ہم آہنگی کے ذریعے ہی بڑے مسائل کا حل نکالا جا سکتا ہے اور وفاق و صوبوں کے تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔





