پشاور (آئی این پی): خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شفیع جان نے الزام عائد کیا ہے کہ جب بھی مسلم لیگ (ن) اقتدار میں آتی ہے، خیبرپختونخوا کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھا جاتا ہے اور صوبے کو اس کے آئینی و مالی حقوق سے محروم کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شفیع جان نے کہا کہ 1990 میں بھی خیبرپختونخوا کو آٹے کی فراہمی روکنے کے الزامات سامنے آئے تھے، جبکہ آج بھی صوبے کے ساتھ اسی طرز کا رویہ اختیار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کے ساتھ کسی بھی قسم کا امتیازی سلوک ہرگز قابلِ قبول نہیں۔
انہوں نے بلوچستان کی امن و امان کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ صوبے کا بڑا حصہ بدامنی کی لپیٹ میں ہے، تاہم اس سنگین مسئلے پر سنجیدہ سوالات کم ہی اٹھائے جاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر بلوچستان میں پیپلز پارٹی کی حکومت اور وفاق میں مسلم لیگ (ن) برسرِاقتدار ہے تو امن و امان کی ذمہ داری بھی انہی پر عائد ہوتی ہے۔
شفیع جان نے کہا کہ قومی سلامتی جیسے اہم معاملات پر سیاست کے بجائے مؤثر اقدامات اور جوابدہی کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی سربراہی میں خیبرپختونخوا حکومت نے ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں اور مشینری کو ہائی الرٹ کر رکھا ہے اور پیشگی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






