معروف مصنوعی ذہانت کمپنی ہگنگ فیس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس پر ہونے والا حالیہ سائبر حملہ مکمل طور پر ایک خودکار مصنوعی ذہانت (اے آئی) سسٹم نے انجام دیا، جسے اپنی نوعیت کا ایک غیر معمولی واقعہ قرار دیا جا رہا ہے۔
کمپنی کے مطابق اگرچہ ماضی میں ہیکرز مصنوعی ذہانت کو سکیورٹی خامیاں تلاش کرنے یا حملوں کو خودکار بنانے کے لیے استعمال کرتے رہے ہیں، تاہم اس بار پورا حملہ ابتدا سے لے کر اختتام تک ایک خودمختار اے آئی سسٹم نے انجام دیا۔
ہگنگ فیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور اے آئی نے کمپنی کے پلیٹ فارم پر ایک ڈیٹا سیٹ اپ لوڈ کیا، جس نے سکیورٹی میں موجود ایک خامی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے کمپنی کے سرورز پر اپنا کوڈ چلانے میں کامیابی حاصل کی۔
کمپنی نے بتایا کہ حملے کی تحقیقات اور اس کی وجوہات جاننے کے لیے اس نے اپنے ہی مصنوعی ذہانت پر مبنی ٹولز استعمال کیے۔ ایک لارج لینگوئج ماڈل (ایل ایل ایم) کی مدد سے حملے کا تجزیہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں سکیورٹی خامی کی نشاندہی کی گئی۔
ہگنگ فیس ایک معروف اے آئی پلیٹ فارم ہے جو ڈویلپرز اور محققین کو مصنوعی ذہانت کے ماڈلز تیار کرنے، ہوسٹ کرنے اور ایک دوسرے کے ساتھ شیئر کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ واقعہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ مستقبل میں خودکار اے آئی ایجنٹس سائبر سکیورٹی کے لیے نئے چیلنجز پیدا کر سکتے ہیں، جس کے پیش نظر جدید دفاعی نظام اور حفاظتی اقدامات کی اہمیت مزید بڑھ جائے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






