//

موجودہ قیادت میں بانی پی ٹی آئی کی رہائی نہیں چاہتے، شاہ تراب

پشاور (آئی این پی): خیبرپختونخوا اسمبلی میں حکومتی رکن شاہ تراب نے کہا ہے کہ حالات اس حد تک پہنچ گئے ہیں کہ بیوروکریسی حکومت کو سنجیدہ نہیں لے رہی، جبکہ موجودہ قیادت میں بہت سے لوگ بانی پی ٹی آئی کی رہائی نہیں چاہتے۔

خیبرپختونخوا اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ تراب نے کہا کہ جب تک حکومت خود سنجیدہ نہیں ہوگی، بیوروکریسی بھی اسے سنجیدہ نہیں لے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں نہ تو ڈاکٹر موجود ہیں اور نہ ہی ادویات دستیاب ہیں، جبکہ صوبے میں میرٹ نام کی کوئی چیز نہیں رہی۔

شاہ تراب نے کہا کہ کیا بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے کوئی جرگہ نہیں بن سکتا؟ موجودہ قیادت میں بہت سے لوگ بانی پی ٹی آئی کی رہائی نہیں چاہتے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر بانی پی ٹی آئی رہا ہوگئے تو بعض لوگوں کی “لوٹ مار کی دکانیں” بند ہو جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی نے آپ لوگوں کو زمین سے اٹھا کر ایوانوں تک پہنچایا۔

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ تین ماہ سے کوئی احتجاج نہیں ہوا، اس لیے بیٹھ کر مذاکرات کیے جائیں اور معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close