وزارت خزانہ نے قومی بچت اسکیموں پر منافع کی نئی شرحوں کا اعلان کر دیا
وفاقی وزارت خزانہ نے قومی بچت اسکیموں کی مختلف سرمایہ کاری مصنوعات پر منافع کی شرح میں ردوبدل کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کا اطلاق آج سے کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیفنس سیونگز سرٹیفکیٹ پر منافع کی شرح 12.96 فیصد سے کم کرکے 11.94 فیصد مقرر کر دی گئی ہے، جبکہ پینشنرز بینیفٹ، بہبود سیونگز اور شہداء ویلفیئر اکاؤنٹس پر منافع 13.20 فیصد سے کم ہو کر 12.96 فیصد کر دیا گیا ہے۔
اسی طرح ریگولر انکم سرٹیفکیٹ کی شرح منافع 12.24 فیصد سے کم کرکے 11.52 فیصد، جبکہ اسپیشل سیونگز سرٹیفکیٹ کا منافع 12.60 فیصد سے کم کرکے 11.43 فیصد مقرر کیا گیا ہے۔ تاہم عام سیونگز اکاؤنٹ پر منافع کی شرح 10 فیصد برقرار رکھی گئی ہے۔
دوسری جانب اسلامی سرمایہ کاری مصنوعات پر منافع میں اضافہ کیا گیا ہے۔ سروا 5 سالہ اسلامک سیونگز سرٹیفکیٹ کی شرح منافع 11.16 فیصد سے بڑھا کر 11.52 فیصد، جبکہ سروا 3 سالہ اسلامک سیونگز سرٹیفکیٹ کی شرح منافع 9.16 فیصد سے بڑھا کر 11.50 فیصد کر دی گئی ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق نئی شرح منافع فوری طور پر نافذ العمل ہو چکی ہے اور آج سے تمام متعلقہ قومی بچت اسکیموں پر ان ہی شرحوں کا اطلاق ہوگا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






