ترکیہ کے صوبہ ملاتیا میں 5.0 شدت کا زلزلہ، کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں
ترکیہ کے مشرقی صوبے ملاتیا میں ہفتے کی صبح 5.0 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جن سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ترکیہ کی ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ اتھارٹی (آفاد) کے مطابق زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح 6 بج کر 20 منٹ پر آیا۔ زلزلے کا مرکز ضلع بطلغازی تھا، جبکہ اس کی گہرائی 15.59 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔
زلزلے کے جھٹکے قریبی صوبوں الازیغ، آدی یامان، تونج ایلی اور شانلی عرفہ میں بھی محسوس کیے گئے۔
آفاد کے مطابق ابتدائی اطلاعات میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم متعلقہ ادارے صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔
دوسری جانب ترکیہ کے وزیرِ ماحولیات، شہری ترقی اور موسمیاتی تبدیلی مراد کورم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں کہا کہ بطلغازی میں آنے والے زلزلے کے بعد اب تک کسی منفی صورتِ حال کی اطلاع نہیں ملی، تاہم تمام موصول ہونے والی اطلاعات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں





