//

پیٹرولیم مصنوعات کی قلت پیدا کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد (آئی این پی): وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی کی جائے، جبکہ خطے میں جاری کشیدگی کے پیش نظر ہر ممکنہ چیلنج سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری رکھنے کی بھی تاکید کی ہے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں خطے کی صورتحال کے ملکی معیشت پر ممکنہ اثرات اور سادگی و کفایت شعاری اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ملک میں ضروریات کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود ہیں اور مستقبل کی فراہمی کو بھی یقینی بنا لیا گیا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ اگر خطے کی غیر یقینی صورتحال برقرار رہی تو معیشت متاثر ہونے کا خدشہ ہے، اس لیے بروقت اقدامات کے لیے جامع حکمت عملی تیار رکھی جائے۔ انہوں نے عوام کی جانب سے توانائی بچت اور پیٹرولیم مصنوعات کے محتاط استعمال میں تعاون کو بھی سراہا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت کی بروقت اور مؤثر حکمت عملی کے باعث ایندھن کی فراہمی بہتر انداز میں برقرار رہی، جبکہ حکومتی سبسڈی سے عام شہریوں، موٹرسائیکل سواروں، رکشہ ڈرائیوروں اور ٹرانسپورٹرز کو ریلیف ملا اور ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات کو کافی حد تک قابو میں رکھا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close